سپین کے وزیر خارجہ جوز مینوئل البرس اسلام آباد پہنچ گئے

133

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):سپین کے وزیر خارجہ جوز مینوئل البرس جمعہ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزارتِ خارجہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔

سپین کے وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان، وزارتِ خارجہ میں، وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ، مذاکرات میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کی مختلف جہتوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہو گی۔پاکستان اور سپین، یورپی یونین اور کثیرالجہتی فورمز پر خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں،سپین یورپی یونین میں پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

سپین یورپ کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ جوز مینوئل البرس کا دورہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر باہمی ہم آہنگی اوردو طرفہ قریبی تعاون کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔