اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کی جانب پیش رفت اورپاک۔چین اقتصادی راہداری کی موجودگی سے خطے میں نوجوانوں کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو نوجوانوں اورارکانِ پارلیمنٹ کے مابین ”جمہوری پر امن طرز حکومت اور پائیدار ترقی ¾ ¾ کے موضوع پر ہونےوالے مکالمے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دینے اور ان سے مباحثے کے لیے ارکانِ پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس خصوصی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے عالمی سطح پر بڑی پیش رفت ہو رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ کوششیں بارآور ثابت ہوں گی جس سے افغانستان میں امن و استحکام پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن ہو گا تو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس وقت ترقی کی ایک روشن کرن ہیںان کو تعلیم سے آراستہ کرنے اور تکنیکی تربیت دینے سے ناصرف پاکستان ترقی کرے گا بلکہ آنے والے دنوں میں یہ ملک دنیا کے لیے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بن کر ابھرے گا۔اسد قیصر نے نوجوانوں پر سیاست اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے جہدمسلسل، مصمم ارادے اور نظریے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں اس وقت 96نوجوان اراکین قومی اسمبلی موجود ہیں جو ایوان کی کارروائی اورملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور قوم کو اپنی نوجوان نسل سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کریں۔ مکالمے میں وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار ،پارلیمانی سیکرٹریز وجیہہ اکرم ، شاندانہ گلزار،محترمہ کنول شوزیب، اراکینِ قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز، رومینہ خورشید عالم ، سید نوید قمر، شاہدہ اختر علی، کشور زہرہ اور سینیٹرز قرة ا لعین مری،مشتاق احمداور صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب ،اقوام متحدہ کے ریذیزڈنٹ کوارڈینٹرنیل بوہنے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔