اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چین کے سفیر نوگ رونگ نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے چینی سفیر سے چین میں آنے والے حالیہ زلزلے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔اسپیکر نے پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والی تباہی کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں آگے بڑھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی پزیر ممالک ہونے کی وجہ سے اس وقت شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب میں چینی حکومت اور عوام نے دل کھول کر مدد کی ہے، چین کی حکومت اور عوام کی طرف سے ملنے والی حمایت اور محبت کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان مثالی دوستی موجود ہے جسے کسی کو بھی سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے حمایت کی ہے،دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے پر گفتگو کی۔
اسپیکر نے کہا کہ چین کے پاکستان میں مقیم چینی باشندے پاکستان کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، چینی باشندوں کو پاکستان میں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے تجربات میں اضافہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔
چین کے سفیر نوگ رونگ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے قیمتی جانی و معاشی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں اور پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، چینی سفیر نے متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔