سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی برطانوی ہائی کمیشن آمد، ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر اظہار تعزیت

سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی برطانوی ہائی کمیشن آمد، ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پیر کو برطانوی ہائی کمیشن گئے جہاں انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے برطانوی سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں ملکہ الزبتھ دوئم کی زندگی سے وابستہ اہم پہلوئوں پر اپنے تاثرات قلم بند کئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر شاہی خاندان اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کی دہائیوں پر محیط زندگی پاکستان کے ساتھ شاندار تعلقات پر مبنی تھی اور وہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی داعی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے 1997 میں پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا ، اپنے خطاب میں انہوں نے جنوبی ایشا میں امن کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔