اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے رکن قومی اسمبلی سیّد افتخار الحسن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے تعزیتی پیغامات میں انہوں نے سیّد افتخار الحسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیّد افتخار الحسن کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت رکن قومی اسمبلی انہوں نے قانون سازی کے عمل میں فعال کردار ادا کیا اور اپنے حلقہ کے عوام کی بہترین انداز میں ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے اﷲ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل عطا کرنے کی دعا بھی کی۔