سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کے چیئرمین منتخب

83

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی چیئرمین شپ کے لئے سپیکر کا نام تجویز کیا جس کی دیگر ارکان نے متفقہ طور پر تائید کی۔ اراکین نے سپیکر کو خصوصی کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کی۔ سپیکر نے اراکین کی طرف سے اعتما د کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سپیکر نے کمیٹی کو فعال بنانے اور کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عزم کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے۔ کسانوں کے مسائل کو حل کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ کمیٹی اراکین سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر زراعت کی ترقی اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کردار ادا کریں۔