اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):سپیکر اسمبلی قومی اسد قیصر سے اراکین قومی اسمبلی منزہ حسن ، ریاض فتیانہ ، ثناء اللہ مستی خیل اور دیگر اراکینِ پارلیمنٹ نے منگل کو ملاقاتیں کیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت کو عوام کے بہترین مفاد کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مہنگائی پر قابو پانے کے لئے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا بنیادی کام ایسی قانون سازی ہے جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو موثر قانون سازی اور اس کے نفاذ کے ذریعہ حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف ہاؤس ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے بحث و مباحثہ کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام نے اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجا ہے تاکہ عوامی نمائندے عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر سکیں۔اراکین قومی اسمبلی نے سپیکر قومی اسمبلی کے قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل کرنے اور ممبران اسمبلی کو حلقوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کے جذبے سراہا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجود حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی۔اراکین نے مزید کہا کہ موجود حکومت نے نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعہ بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس سے نوجوانوں کو وسیع پیمانے پر کاروبار کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر صحت انصاف کارڈ کی فراہمی موجود حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے جسے بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عوام کو موجود حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہ کہ اس وقت قوم نے مشکل دور گزار دیا ہے۔