اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے زرغون بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے تین نوجوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔
ہفتہ کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کے بہادر سپوت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے شہید سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اورکہاکہ وطن کے دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ملک و قوم کے اصل ہیرو ہیں۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم کے ذریعے پاک فوج کے دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، اس وقت پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے، ہماری مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔