سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

120

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اتوار کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دفتر ، باجوڑ میں ورکرز کنونشن میں بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے افسوسناک واقعے سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی کا انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے دہشت گردوں اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث افراد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت اور قوم کے دشمن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے اس کے خاتمے کا عزم کرتی ہے کیونکہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ کے حضور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور اس ناقابل تلافی نقصان میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔