سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے آئی جی کی ملاقات

70
Khyber Pakhtunkhwa Assembly
Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور۔ 03 فروری (اے پی پی):نو تعینات انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا چوہدری ذوالفقار حمید نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے چوہدری ذوالفقار حمید کو آئی جی خیبرپختونخوا کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی صوبے میں استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و امان کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔