پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت کوہستان اسکینڈل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی آڈٹ خیبرپختونخوا اور متعلقہ اسمبلی حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران کوہستان اسکینڈل میں استعمال ہونے والے مشتبہ بینک اکاؤنٹس کے گزشتہ دس سالہ تفصیلی آڈٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس بریفنگ میں آڈٹ اکاؤنٹ تک رسائی اور شرائط و ضوابط (TORs) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ آڈٹ کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔ سپیکر بابر سلیم سواتی نے ہدایت کی کہ آڈٹ کی کارروائی کو مکمل دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے، تاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اس کیس میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے رقم کی ریکوری کو یقینی بنائے ڈی جی آڈٹ خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران آڈٹ کے دائرہ کار اور اکاؤنٹ تک رسائی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سپیکر بابر سلیم سواتی نے واضح کیا کہ صوبائی اسمبلی اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کو دیانتداری کے ساتھ نبھائے گی اور پی اے سی مکمل طور پر فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کے عمل کے بعد سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔
سپیکر بابر سلیم سواتی نے ڈی جی آڈٹ کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 14 مئی کو کوہستان مالی سکینڈل پر ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے دوسرے اجلاس کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ شرکت یقینی بنائیں. سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور شفاف احتساب کو یقینی بناتے ہوئے ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594963