سپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی جانب سےعمران خان کے کنٹینر کے قریب ہونے والی فائرنگ کی مذمت

159
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب ہونے والی فائرنگ کی مذمت کی ہے ۔ جمعرات کو اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کنٹینر کے قریب پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنمائوں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ شرپسند عناصر کی مذموم کارروائی ہے جو ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔