اسلام آباد ۔ 28جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصرنے عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے واقعہ پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو آج رپورٹ سمیت پارلیمنٹ طلب کر لیا ہے۔سپیکر نے اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے عرفان صدیقی کی گرفتاری اور انہیں ہتھکڑیاں لگانے پر تشویش کا اظہارکیا۔سپیکر نے کہاکہ عرفان صدیقی ایک بزرگ استاد اور سینیئر صحافی ہیں ، ہمیں قلم کے تقدس اور آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عرفان صدیقی کو قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے ہتھکڑی لگانا قابل مذمت ہے، کسی سطح پر بھی کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ قوموں کی ترقی و عروج کے حوالے سے علم بنیادی حیثیت رکھتا ہے ،مہذب معاشروں میں استاد کا احترام لازم ہوتا ہے۔ سپیکر نے کہاکہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔