
اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بے سہارا، یتیموں اورخصوصی افراد کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے اور ان کی زندگی کو سہولتوں سے آراستہ کرنا میری زندگی کا مشن ہے، اس حصول کیلئے ملک بھر میں سپیشل ویلج قائم کئے جائیں گے جہاں ان افراد کی رہائش، تعلیم ، صحت اور نگہداشت کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سماعت سے محروم افراد کیلئے پاکستان میں گزشتہ 32 سالوں سے خدمات انجام دینے والی تنظیم ڈیف ریچ ایجوکیشن سروس کے بانی رچرڈ گیری سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ یہ فلاحی تنظیم صوبہ سندھ میں نصف درجن سے زائد سکولوں میں سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کر رہی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہر صوبائی دارالحکومت میں ماڈل ویلج بنائے جائیں اورحکومت ان گاؤں کیلئے زمین، بجلی، گیس اور بنیادی ضروریات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ رفاعی اداروں، مخیر حضرات اور بیت المال کے تعاون سے ان گاؤں کی ضروریات کوپورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ملک کے محروم اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی اور ان کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سپیکر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں راشد آباد ٹنڈوالہ یار میں سماعت سے محروم بچوں کے سکول کا دورہ کیا اور میں وہاں تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر سہولیات سے بہت ہوا۔ میری یہ خواہش ہے کہ صوابی میں بھی راشدآباد کی طرز کا مخصوص افراد کا سکول بناؤں اور اس کیلئے مجھے آپ کی رہنمائی درکار ہے۔ رچڑڈ گیری نے سپیکر کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس ضمن میں ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ ان کی تمنا ہے کہ خصوصی افراد بھی تعلیم حاصل کر کے ملک کے ذمہ دار شہری بنیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور ان کو بھی لوگوں کی طرح زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔ سپیکر نے کہا کہ وہ نادار اور مستحق افراد کی مدد کرنے کے لیے آئندہ چند روز میں رفاعی اداروں اور خصوصی افراد کیلئے کام کرنے والے افراد پر مشتمل کنسورشیم کا اعلان کریں گے جس میں ان افراد کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔