اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان میں افغانستان کے نامزد سفیر شاکراللہ عاطف مشال سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں،سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک پر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواں ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدارامن کے قیام کے لیے کو شاں ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاک افغان تجارت کے باعث دونوں ملکوں کو فوائد حاصل ہوںگے۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھانے کاخواں ہے اور خطے کے امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر افغانستان کے نامزد سفیر شاکر اللہ عاطف مشال نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی جس طرح مہمان نوازی کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فغانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواں ہے۔ افغانی سفیر نے کہاکہ افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔