اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ پاکستان کی پا رلیمنٹ اور عوام ایران کی پارلیمنٹ اورعوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر تے ہیں ، 22 ستمبر 2018ءکو ایران کے شہر آہواز میں فوجی پر یڈ پر ہو نے والے دہشت گردوں کے بہیمانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی کو منگل کو لکھے جا نے والے اپنے خط میں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پا کستان کی پارلیمنٹ دہشت گردی کے اس بزدلانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں ان غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس سانحہ میں شہید ہوئے۔ انہوں نے ایرانی سپیکر کو پاکستان کی قومی اسمبلی کی طرف سے غمزدہ خاندانوں کو تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچانے کےلئے کہا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہے کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ حملے پوری انسانیت خصوصاً مسلم امہ کو نشانہ بنانے کےلئے کئے جاتے ہیں۔