اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں، پارلیمنٹ کشمیریوں کی آواز بنے گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب …
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں، پارلیمنٹ کشمیریوں کی آواز بنے گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور کشمیری بھائی انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں، 81 روز سے جاری مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر کے حوالہ سے قراردادوں پر عمل ہونا چاہئے۔ سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پوری قوت سے بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھایا، موجودہ پارلیمنٹ کے کشمیر پر دو اجلاس منعقد کئے گئے اور دو قراردادیں منظور کی گئیں جنہیں دنیا کی تمام پارلیمانوں کو بھجوایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ انٹرنیشنل پارلیمانی کانفرنسوں میں ہم نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے، ہم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پارلیمانی وفود بھجوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے اقدامات کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سیّد فخر امام نے کہا کہ پارلیمنٹ کشمیر پر بھرپور آواز اٹھا رہی ہے، جموں و کشمیر کے 80 لاکھ افراد ظلم کا شکار ہیں، کشمیریوں کی سیاسی قیادت کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مودی حکومت صرف ہندوتوا پر یقین رکھتی ہے، انسانی حقوق کونسل نے بھارتی مظالم کے حوالہ سے دو رپورٹس جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھا رہا ہے۔ چین نے بھی اقوام متحدہ میں ہماری مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا مؤقف ایک ہی ہے۔








