لاہور۔10فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان جمعرات کووزیر اعلیٰ ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،سیاسی صورتحال اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی ۔
اس موقع پر سپیکر اور وزیر پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والو ں نے پہلے استعفوں اورلانگ مارچ کے نعرے لگائے۔عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کے لئے چھوڑا گیا ہے-
لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن کو ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں -پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے-پنجاب کی 73فیصد آبادی کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے ہیلتھ کوریج فراہم کردی ہے-
مارچ کے آخر تک پنجاب کی پوری آبادی کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کردیں گے-ہر خاندان کوسالانہ 10لاکھ روپے مفت علاج کی سہولت دے رہے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدام کی تعریف کی اور کہا کہپنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا پروگرام متعارف کرا کر دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کی ہے۔اپوزیشن کی سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی-
موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست قومی مفادات کے منافی ہے-پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےباہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پراراکین قومی اسمبلی حیدر علی خان، جنید اکبر خان، صالح محمد خان،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔