اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے عوامی جمہوریہ چین کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدابہار منفرد دوستی اور سٹرٹیجک شراکت داری پر فخر ہے۔ا
س موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کا 1949 میں قیام ایک تاریخی اقدام تھا جو کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چین کی عوام کی انتھک جدوجہد کے نتیجہ میں ممکن ہوا۔ چینی عوام کی اس جدوجہد نے دنیا بھر میں عوام کو سامراجیت کے خلاف جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے 1949 کے بعد زندگی کے ہر شعبے میں قابل ستائش کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے صرف 40 سال کے قلیل عرصے میں غربت کے خاتمے ،ٹیکنالوجی، ،خلابازی، طب اور دیگر شعبوں میں نئی جہتوں کو روشناس کرایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کی پیداوار میں تیز ترین اضافہ ،سماجی و معاشی ترقی اور خوشحالی دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔سپیکر نے کہا کہ چین کی ترقی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بے لوث قیادت اور چینی عوام کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور باہمی اعتماد ، احترام ، ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ ہر آزمائش پر پورا اترا ہے اور دونوں دوست ممالک نے علاقائی اور عالمی فارمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر پر چین کے دو ٹوک موقف کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے کوویڈ وباء کے دوران ویکسین اور دیگر ضروری سازوسامان فراہم کرنے میں فراخدلانہ تعاون کیا ہے جس پر پوری قوم چینی عوام اور حکومت کی مشکور ہے۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں میں رابطوں میں اضافہ قابل اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف پیپلز کانگرس سے جنوری 2021 میں ہونے والی ورچول میٹنگ انتہائی مفید رہی جس میں دوطرفہ پارلیمانی رابطوں میں مزید اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام میں ہم آہنگی کے فروغ اور قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر ہے جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط تر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور چینی قوم ایک دوسرے کے لئے بھائی چارے، ہمدردی اور محبت کا جزبہ رکھتی ہیں اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاک چین تعلقات کے ایک نئے دور کی شروعات ہونگی۔ انہوں نے عالمی جمہوریہ چین کے قیام کی 72ویں سالگرہ پر چینی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی۔