اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کوجمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نےملاقات کی جس میں بلوچستان کی صورتحال اور مسائل پر گفتگو کی گئی۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں سماجی اور معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔موجود حکومت بلوچستان کے عوام سے کئے اپنے وعدے نبھائے گی۔ ہارلیمنٹ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقی کی نگرانی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا قیام اس سلسلے کی کڑی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قیام امن کے بغیر ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔پاکستان کو اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ شاہ زین بگٹی نےاسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں پارلیمانی کمیٹی کے قیام کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ سے عوام کو قومی دھارے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ شاہ زین بگٹی نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملک کے دیگر حصوں میں آباد بگٹی قبائل کی اپنے گھروں میں واپسی پر بھی گفتگو کی ۔سپیکر قومی اسمبلی نےشاہ زین بگٹی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔