اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،سردیوں میں ملک بھر خصوصاً ایس این جی پی ایل کے زیر اہتمام علاقوں سے سوئی گیس کے کم پریشر کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اس سلسلے میں آئندہ آنے والے سیزن میں اس مسئلے پر قابوپانے کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس میں منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل )علی جاوید ہمدانی سےملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر نے کہا کہ سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا خصوصاً صوابی میں عوام کو سر دیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر گیس کے کم پریشر سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی اپنانا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی میں درپیش مسائل کے باوجود عوام کو اوور بلنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس معاملے کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اسپیکر نے ایس این جی پی ایل حکام کو پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت جاری گیس کے منصوبوں کی بروقت اور فوری تکمیل کے لیے درکار سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ سپیکر اسد قیصر نے صوبہ خیبر پختون خواہ میں سوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی, ایس این جی پی ایل کو اس مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھانےکی ہدایت کی۔
انہوں نے ایس این جی پی ایل حکام کو صوابی میں گیس کی فراہمی کے سلسلے میں جاری منصوبوں کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ صوابی کےگھریلو صارفین کوگیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اسپیکر نے مینجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل کو حکومت کی جانب سےہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایس این جی پی ایل حکام نے اسپیکر کو پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت جاری گیس کےمنصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے باری میں بریفنگ دی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل نے کہا کہ گیس میٹرز اور دیگر تعمیراتی سامان کی فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں جبکہ ایس این جی پی ایل اپنے پائپ لائن نیٹ ورک کو بھی اپ گریڈ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی کے لئے جاری تمام اسکیموں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔