سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات

45

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں قانون سازی، قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیر کو ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ قومی اسمبلی عوامی مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لئے اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پارلیمان نے تاریخی بل اور قوانین پاس کئے ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فنانس بل پر اپوزیشن کو اظہار خیال کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا۔

قائمہ کمیٹیوں میں زیر التوا بلوں کی جلد منظوری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ملاقات میں اجلاس کو طے شدہ پارلیمانی کیلنڈر کے مطابق چلانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ایوان کی کاروائی موثر انداز سے چلانے پر سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کی کاروائی میں ہمیشہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو برابر کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی اہمیت کے حامل اہم مسائل کو زیر بحث لانا چایئے تاکہ عام عوام کو اس کا فائدہ ہو۔