اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مودی سرکار بھارتی شہریوں کو ریاستی باشندے کا سرٹیفیکیٹ جاری کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتی ہے جو کشمیریوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی اس ہڈدھرمی اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہا جس کی عالمی دنیا مذمت کرتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مودی اور آر ایس ایس کی سوچ غالب آچکی ہے، جس سے خطے کا امن خراب ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں 11 ماہ سے زائد عرصہ سے جاری جبری لاک ڈاون سے بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ پوری دنیا کیسامنے بے نقاب ہوچکا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین کشمیر کمیٹی سے کہا کہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال سے اقوام عالم اور عالمی برادری کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور جبر کا بازار گرم رکھا ہے اورنہتے کشمیریوں پر جو ظلم جاری ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے تین سال کے نواسے کے سامنے نانا کو شہید کر کے ظلم و بربریت کی ایسی مثال قائم کی ہے جس کی کی دنیا میں اس پہلے کوئی مثال ملی اور نا ہی آئند ملے گی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 11 ماہ سے تاریخ کا بدترین لاک ڈوان جاری ہے اوربھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کے لیے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں آر ایس ایس کے پیروکاروں کی سوچ غالب آچکی ہے اورمقبوضہ وادی میں بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے غیر کشمیریوں کو آباد کرنا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی نفی ہے اورپارلیمانی کشمیر کمیٹی دنیا کے سامنے بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔ چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی موجود حکومت نے روز اول سے کشمیر کے مسئلے کو جس طرح دنیا میں اجاگر کیا ہے اس کے ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس طرح سے مسئلہ کشمیر کو اٹھا ہے جس کی بعد پوری دنیا اور عالمی برادری کی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی تحریک میں حمایت بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر دنیا کے ہر فورم پر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت کا تعلق سیکولر جماعت آر ایس ایس کی سوچ پر کاربند ہے جس نے پورے ایشیاء کا امن تبا کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورچ طلوع ہو گا اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق ملے گا۔