اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کو پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن( پی آر اے) کی نمائندہ کمیٹی نے نائب صدر احمد نواز خان کی سربراہی میں ملاقات کی ۔قومی اسملی سیکرٹریٹ کے مطابق کمیٹی میں فنانس سیکرٹری پی آر اے انتظار حیدری، ممبر گورننگ باڈی عائشہ ناز ملاقات میں موجود تھیں- اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان اور چیف وہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے-
ملاقات میں پریس گیلری بندش اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر کھل کر تبادلہ خیال ہوا- کمیٹی وفد کے سوالات پر سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کہا گیا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پارٹ آف پارلیمنٹ ہے اس کے بغیر ایوان کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی جب بھی پی آر اے کی جانب سے پارلیمانی گیلری سے احتجاج ہوا انہیں منانے کے لیے خصوصی وفد بھیجا گیا ۔
پی آر اے کمیٹی کے سوالات پر سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی آر اے کی مزید بہتری کے لیے بھی سپیکر چیمبر اقدامات اٹھائے گا، مشترکہ اجلاس کے موقع پر کارڈز کے اجراء میں مختلف رکارٹوں کے باوجود پی آر اے ممبرز کو کارڈز کا اجرا بھی کیا گیا البتہ کچھ خدشات اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پرگیلریز میں ہنگامہ یا لڑائی ہوسکتی ہے اس لیے پریس گیلریز کی بجائے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے متبادل انتظام کے احکامات جاری کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے بے شمار لوگ ملتے ہیں میں سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ سیاسی بیک گراؤنڈ کا حامل ہوں اور اکثر اوقات صحافی حضرات راستے میں روک کر سوالات پوچھتے ہیں تو انہیں جواب بھی دیدیا جاتا ہے مگر کسی بھی بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش نہیں کیا جانا چاہیئے- انہوں نے کہا کہ مستقبل میں منتخب باڈی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔