اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ سانحہ اے پی ایس آج بھی ہمیں ان ننھے پھول جیسے بچوں کی یاد دلاتا ہے۔ بدھ کو سانحہ آرمی پبلک سکول کی چھٹی برسی کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کا قلع قمع کیا جس کے نتیجے میں آج ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ہم سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔