پشاور۔29اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ عالمی برادری درست تجزیہ کرکے افغانستان کے مسلہ کا حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔
جمعہ کو افغانستان کے لئےامدادی سامان کی حوالگی کے حوالے سے گورنر ہائوس پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاسپیکر اسدقیصر نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا بہت مضبوط رشتہ ہے۔ اس وقت افغانستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اس لئے عالمی برادری ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پاک افغان دوستی گروپ بہت موثر کام کر رہا ہے ۔
افغانستان کے عوام کے ساتھ ہمارے بہت دیرینہ تعلقات ہیں ۔ہم ہمیشہ اپنے افغانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو۔ پاکستان اور یہاں کے عوام افغانستان کی ترقی چاہتے ہیں۔پاکستان کے مخیر افراد سے افغان عوام کی امداد کے لئے آگے آنے کی درخواست کرتا ہوں۔ بین الاقوامی برادری افغان مسئلہ کا درست تجزیہ کرکے عوام کی مدد کرے۔پاکستانی عوام اور حکومت اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔