
اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ ان بچوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی چھٹی برسی کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے واقع میں 132 سے زیادہ بچوں اور اساتذہ کے قتل نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے اُن معصوم ہیروز ہمارے لئے پیغام چھوڑ کر گئے ہیں کہ دہشت گردی سے پاک اور تعلیم یافتہ پاکستان کے لئے کھڑے ہوں۔سپیکر نے کہا کہ 6 سال بعد بھی سانحہ اے پی ایس ناقابل برداشت درد کی موجودگی کوظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُن خاندانوں پر فخر ہے جنہوں نے اس عظیم صدمہ کو برداشت کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اُن غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سپیکر نے سانحہ اے پی ایس کے معصوم بچوں کے ضیاع کو ایک بہت بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اے پی ایس کے معصوم ہیروز کی قربانی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سپیکر نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول آج بھی ہمارے دل میں روز اول کی طرح تازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ موقع تھا جب پوری قوم دہشت گردی کہ خلاف متحد ہو گئی اور ہماری مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد سے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کا اعادہ کیا جس کے نتیجہ میں آج ملک سے کافی حد تک دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کے ہمیشہ کے خاتمے کے لیے تعلیم کو اپنی میراث بنانے کی ضرورت ہے ۔سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں اور اس کے سدباب کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔