سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا علامہ محمد اقبال کے 141ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیغام

107

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال مفکر پاکستان تھے، انہوں نے سب سے پہلے برصغیر کے مسلمانوں کےلئے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا جو بعد میں مملکت خداداد پاکستان کی صورت میں معرض وجود میں آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ محمد اقبال کے 141ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو (آج) جمعہ کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے اس عظیم شاعر کا یوم پیدائش مسلمانوں کو علامہ محمد اقبال کے نظریات و تعلیمات پر فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ قرارداد پاکستان منظور ہونے سے قبل علامہ محمد اقبال کی فلسفیانہ او رشاعرانہ تحریروں نے عوامی رائے تبدیل کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا خواب برصغیر کے مسلمانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔