سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا پرتگال کے سفیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

72

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے ذریعے پرتگال کے ساتھ پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک سیاحت، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ منگل کو پاکستان میں پرتگال کے سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پرتگال کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے ذریعے پرتگال کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پارلیمانی وفود کی تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفاد حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان پارلیمانی دوست رکن ممالک کے ساتھ سیاحت ، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران پرتگالی سفیر نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ پاتکال کے عوام اور پارلیمنٹرین پاکستان کےساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین اعتماد سازی اور تجربات کو فروغ ملے گا۔