سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جمہوریہ لبنان کی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیح مصطفیٰ بیری سے ٹیلی فون پر گفتگو

53

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمہوریہ لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح مصطفیٰ بیری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک سانحے کے نتیجے میں 157 افراد ہلاک اور کئی ہزار زخمی ہوئے پر پاکستان کے عوام اور موجودہ حکومت غمزدہ ہے۔ انہوں نے اس المناک دھماکے میں جاں بحق افراد کی روحوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی قوم باہمت قوم ہے اور وہ جلد ہی اس سانحے کی ہولناکی سے اپنے آپ کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم اعادہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت کی جانب سے لبنانی عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح مصطفیٰ بیری نے افسوسناک واقع پر اظہار ہمدردی کرنے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دوائیوں اور امدادی اشیا بھیجنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان دھماکوں سے 8000 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے لبنان کی حکومت اور عوام کو پاکستان کی مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔ لبنانی اسپیکر نے دونوں قانون ساز اداروں کے مابین تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔