اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو اقتصادی و پارلیمانی روابط کو فروغ دے کر مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں جمہوریہ کوریا کے سفیر کواک سنگ کیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو اقتصادی و پارلیمانی روابط کو فروغ دے کر مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں صنعت، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے کوریا کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لئے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے مابین روابط میں اضافہ ضروری ہے۔