اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سستےاور فوری انصاف کی فراہمی بنیادی انسانی حق ہے۔ دیوانی اور فوجداری مقدمات کے جلد فیصلے جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہو نگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں زیر تربیت خیبر پختونخوا عدلیہ کے جوڈیشل آفیسرز کے ایک گروپ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر نے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں عدالتی افسران کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ انہیں حقائق اور شواہد پر مبنی فیصلہ سنانا پڑتا ہے۔ انہوں نے زیر تربیت ججوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا اعلیٰ پیشہ انصاف کی فراہمی سے تعلق رکھتا ہے لہذا آپ انصاف کے متلاشی غریبوں کے مفاد کے لئے اپنے فرائض منصبی نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت انصاف کی فراہمی کے لئے عدالتوں کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے مقدمات تیزی سے نمٹانے اور مقدمات کی منظوری میں کمی لانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔زیر تربیت ججز نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہیں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے اور ان کے ساتھ قومی اہمیت کے امور پر اپنی سیاسی بصیرت بانٹنے کا موقع فراہم کرنے پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے اسپیکر کو یقین دلایا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی نے اس گروپ کو اسمبلی کے قانون سازی کے طریقہ کار کے بارے میں بریف کیا۔ ملاقات کے اختتام پر افسروں کے گروپ نے قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیا۔