اسلام آباد ۔ 17 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں آم ایکسپورٹ کرنے سمیت زراعت کے شعبے سے متعلق دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے آم کو برآمد کرنے کے لیے پی آئی اے نے کرایوں کی مد میں نمایاں کمی کی یقین دہائی کروا دی۔پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ آم ایکسپورٹ کرنے کے لیے پی آئی اے کم نرخوں میں کرایہ وصول کرے گی۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پی آئی اے اور وزیر ہوا بازی سرور خان کا مشکور ہوں۔ پی آئی اے کے نرخوں میں کمی سے ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔ آم کی ایکسپورٹ بڑھنے سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ فخر امام نے کہا کہ ایران کا بارڈر کھولنے کا فیصلہ ہوا ہے۔بارڈر کھولنے سے زمینی راستے سے آم ایران ایکسپورٹ کیا جا سکے گا۔سپیکر نے وزارت داخلہ اور وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ اگلے 24 گھنٹوں میں وزرات تجارت اور دیگر ادارے تمام مشکلات دور کر دیں۔