اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے 26ویں اجلاس کے دورانیے اور ایجنڈے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ عوامی اہمیت کے حامل اہم امور سمیت دیگر زیر التواء قانون سازی کو زیر بحث لایا جائے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 18ستمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا غلام سرور خان، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان ‘ چیف وہپ ملک عامر ڈوگر اور ممبران قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک’ ریاض فتیانہ’ چوہدری برجیس طاہر ، خرم دستگیر خان، چوہدری حامد حمید، سید نوید قمر، سید غلام مصطفی شاہ، اقبال محمد علی،خالد حسین مگسی، شازیہ مری، آغا حسن بلوچ اسلم بھوتانی نے شرکت کی۔