سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری‘ پھولوں کی چادر چڑھائی‘ فاتحہ خوانی کی

76

لاہور ۔6جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اتوار کے روز شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمداقبال کے مزارؒ پر حاضری دی مزارپر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی ، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔سپیکر قومی اسمبلی کی آمد پر رینجرز کے چاک وچابند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے شاہی قلعہ کا دورہ بھی کیا انہوں نے بادشاہی مسجد میں نماز ظہر ادا کی۔

ممبران قومی اسمبلی جنیداکبر‘فیض اللہ کموکا اور سینیٹرایوب آفریدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد ہفتہ کے روز بذریعہ ٹرین اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے ریلوے اسٹیشن پر سپیکر قومی اسمبلی کاپرتپاک استقبال کیا گیا ریلوے بینڈ نے انہیں سلامی پیش کی۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔