سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات

81
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کو معاشرتی اور معاشی چیلنجوں سے نکالنے کے پر تمام سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے ضروری ہے، انتخابی، عدالتی اصلاحات، ہندوستان کے ساتھ تجارت اور معیشت جیسے قومی اہمیت کے اہم معاملات پر قومی اسمبلی میں زیر بحث لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان چیلنجز پر ایوان میں بحث ضروری ہے جس میں حزب اختلاف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،اپوزیشن اور حکومتی بنچوں پر موجود اراکین پارلیمنٹ کے مابین عوام کے بہترین مفاد میں پالیسیاں مرتب کرنے اور اصلاحات لانے کے لئے اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ملک کو متعدد چیلنجز درپیش جن کو پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کو غور و خوض کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان اہم موضوعات پر اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ وہ خاص طور پر قومی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اپوزیشن بنچوں کا کردار ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایوان کی کارروائی میں اسپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی امور پر اتفاق رائے ضروری ہے۔

دریں اثنا اسپیکر اسد قیصر نے ضلع صوابی میں بار ایسوسی ایشن سے اپنے خطاب کے دوران ایک بار پھر اس عزم کو دہراتے کہا کہ انتخابی، عدالتی اصلاحات، بھارت کے ساتھ تجارت اور اسٹیٹ بینک کے معاملے جیسے قومی اہمیت کے حامل اہم امور پر اپوزیشن بنچوں کو لامحدود دنوں تک ایوان میں بحث کرنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے معاشرتی و معاشی امور کے حل کے لئے ملک کو درپیش سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کا انحصار ایوان میں عوامی نمائندوں کے ذریعے کیے گئے اقدامات پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پارلیمنٹ واحد فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف تک رسائی ہر ایک کا بنیادی حق ہے اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے وکلاء برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔