22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمنٹرینز کا این ڈی...

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمنٹرینز کا این ڈی ایم اے کا دورہ ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور مربوط حکمت عملی کی تیاری میں قومی سطح پر کاوشوں کی یقین دہانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):ارکان پارلیمنٹ نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور مربوط حکمت عملی کی تیاری میں قومی سطح پر کاوشوں کی یقین دہانی کرائی ہے اور مقامی آبادیوں میں آفات کی تیاری اور آگاہی کے لئے اپنی خدمات کی پیشکش کی ہے۔ پیر کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمنٹرینز نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔این ڈی ایم اے کی جانب سے وفد کو مون سون کی صورتحال اور ملک میں جاری امدادی کارروائیوں کے بارے تفصیلاً بریف کیا گیا۔وفد کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی مستند پیشگی اطلاع و اقدامات اور آفات کے تدارک پر بریفنگ دی گئی ۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مون سون اور سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اورمون سون کے دوران پیش آنے والے تمام واقعات، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے لئے این ڈی ایم اے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں،این ڈی ایم اے بارشوں اور ہر قسم کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بر وقت الرٹ جاری کر رہا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ تمام الرٹ عوام اور متعلقہ اداروں تک بروقت پہنچائے جا رہے ہیں تا کہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔این ای او سی تمام دریاؤں اور سیلابی صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں گلیشیئرز پگھلنے کا عمل بھی نہایت تیزی سے جاری ہے جو سیلابی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر خطرات کو بھی جنم دے رہا ہے۔دریاؤں میں بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے بریچنگ سائٹ پر بند توڑ کر سیلابی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء کے اقدامات بھی جاری ہے،ابھی تک 6لاکھ افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے ۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے۔این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔پارلیمنٹرینز نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور مربوط حکمت عملی کی تیاری میں قومی سطح پر کاوشوں کی یقین دہانی کرائی ۔وفد نے مقامی آبادیوں میں آفات کی تیاری اور آگاہی کے لئے اپنی خدمات کی پیشکش کی ۔وفد نے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کی قدرتی آفات سے نمٹنے اور بچاؤ کے اقدامات کو سراہا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں