سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی مسلم باغ میں ایف سی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

134

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بلوچستان کے علاقہ مسلم باغ میں ایف سی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ۔ جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے، دہشت گرد کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں وہ انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے اور زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔