سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد خان درانی کا لیلتہ القدر کے موقع پر پیغامات

99

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد خان درانی نے لیلتہ القدر کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ یہ رات ہمیں اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے اور اپنی دعائیں قبول کروانے کا بھرپور موقع فراہم کرتی ہے۔ پوری قوم اس رات کو ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرے۔

جمعرات کو لیلتہ القدر کی مناسبت سے جاری اپنے الگ الگ پیغامات میں سپیکر نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اسوہ رسول ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا مسلم اُمہ کو آپس میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کر کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم خان درانی نے کہا کہ لیلتہ القدر اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور رحمت طلب کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ اس رات کو وہ ملک کی سالمیت اور معاشی استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔