اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے،صحافت سے وابستہ افراد کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔آزاد صحافت ملک میں جمہوریت کی مظبوطی اور تسلسل کے لئے ضروری ہے۔اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے صحافی حضرات کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ارشد شریف کی صحافت کیلئے دی گئی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صحافت ملک کے چوتھے ستون کا درجہ رکھتی ہے،صحافتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ،ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کی جان و مال کا تحفظ اور آزادی صحافت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے صحافی حضرات انتہائی قابل احترام ہیں۔
زاہد اکرم درانی نے کہا کہ شہید صحافیوں کی فرائض کی ادائیگی میں دی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔