سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ارجنٹائن کے سفیر لیو پولوڈو ساہورس کی ملاقات

136

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو ارجنٹائن کے سفیر لیو پولوڈو ساہورس نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات باہمی اعتماد و احترام اور دو طرفہ تعاون پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاکستان-ارجنٹائن پارلیمانی دوستی گروپ دونوں دوست ممالک کے مابین مستحکم پارلیمانی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مراعات کو متعارف کرا رہی ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے ، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے آئندہ اجلاس جو رونڈا میں منعقد ہوگا میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے ایمرجنسی قرارداد پیش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا جائے گا کہ وہ ترقی پذیر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔

ارجنٹائن کے سفیر لیو پولوڈو ساہورس نے کہا کہ ارجنٹائن بھی پاکستان سے اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور باہمی معاشی و پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا اور پارلیمنٹری وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بحران سمیت دیگر چیلنجوں پر قابو پانے میں پاکستان کو اپنی حکومت کی جانب ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے سیلاب کے دوران بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔