سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے انڈونیشیا کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

251

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انڈونیشیا کے سفیر آدم ملاورمان ٹگیو سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ترقی پذیر ممالک کے لئے بڑا خطرہ ہیں، پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، زہریلی گیسوں کے اخراج کی وجہ سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں میں بڑا حصہ ترقی یافتہ ممالک کا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی عمارت ترقی پذیر ممالک کی تباہی پر کھڑی نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ رونڈا میں آئی پی یو جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے، اس اجلاس میں قومی اسمبلی آف پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کو ایمرجنسی آئٹم کے طور پر ایجنڈے میں شامل کرنے کے لئے سیکرٹری جنرل آئی پی یو کو خط بھیجا ہے، خط میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے عالمی فنڈ قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشین سفیر نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انڈونیشیا کے سفیر آدم ملاورمان ٹگیو نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے انڈونیشیا کے عوام اور حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،انڈونیشیا کے عوام اور حکومت دکھ کی گھڑی میں پاکستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انڈونیشین سفیر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان کے ازالہ کے لئے عالمی فنڈ کے قیام کے لئے سپیکر کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے انڈونیشیا کی جانب سے آئی پی یو کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی موقف کی تائید کا یقین دلایا۔