اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی بھی موجود تھے ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ملکی ترقی اور استحکام کے لئے ضروری ہے،آئین پاکستان کی سربلندی اور احترام ہر ادارے اور شخص ہر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے،ملک اور عوام کو درپیش مسائل کو ایوان میں زیر بحث لایا جا رہا ہے۔تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے لئے اپنی جماعت کے اراکین کے نام دینے کے لئے خطوط لکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین کو اپنی رائے کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فصل الرحمان نے راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی اور غیر جانبدارانہ انداز میں چلانے پر سپیکر کا کردار قابل ستائش ہے۔