سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے چیئرمین پروفسر ڈاکٹر قادرخان مندوخیل کی ملاقات

59

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے منگل کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے چیئرمین پروفسر ڈاکٹر قادرخان مندوخیل نے سپیکر آفس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے متاثرہ ملازمین کمیٹی کی 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کی۔

کارکردگی رپورٹ پر سپیکر نے اظہار اطمینان اور عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی پر اتفاق کیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق منگل کو پروفیسر ڈاکٹر قادر خان مندوخیل چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پروفیسر ڈاکٹر قادر خان مندو خیل نے سپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ چند ادارے جو عملدرآمد نہیں کر رہے ان سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔

کارکردگی رپورٹ پر سپیکر قومی اسمبلی نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے غریب اور پسے ہوئے سرکاری ملازمین کو ریلیف ملنا خوش آئند ہے اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو ادارے اب تک اس آئینی کمیٹی کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کر رہے ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا،پارلیمانی کمیٹی کے پاس وسیع تر اختیارات ہیں اور یہ کمیٹی پارلیمان نے بنائی ہے جس کی وجہ سے اس کے احکامات پر عملدرآمد کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر قادر خان مندوخیل نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ میرے اور کمیٹی کے دیگر ممبران سب کیلئے فخر کی بات ہے کہ ہم اس کمیٹی کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں ملازمین کو ریلیف دے چکے ہیں۔اس موقع پر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان( اے پی پی ) کے ملک سلیم اختر اعوان کنوینر کمیٹی بھی موجود تھے۔