سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے (مستالہ) گوجر خان میں نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا

73

راولپنڈی ۔26جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےاتوار کو دولتالہ (مستالہ) گوجر خان میں نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔سپیکر نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کو بہتر زندگی کی فراہمی ہے،عوام کے لیے آسانیاں فراہم کرنا اور علاقے کی مشکلات کو کم کرنا ترجیح ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی عوام کی خدمت، ان کو درپیش مشکلات و تکلیفات کے حل کے لیے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،سیاست میں مخالفت ہوتی ہے، ہم ہر جماعت ہر سیاست دان کی عزت کرتے ہیں۔

سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ سیاست ہر جماعت کا حق ہے تاہم ایسی تنقید سے گریز کرنا ہوگا جس سے کسی کی دل آزاری ہو،سیاسی اختلاقات و مفادات سے ہٹ کر عوام کی خدمت ہی ہمارا مقصد ہونا چاہیے،علاقے کی عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

سپیکر نے کہا کہ گوجر خان میں صحت، تعلیم و دیگر سہولیات کے فقدان کو جلد ختم کر دیا جائے گا،نئے اپ گریڈ شدہ سوئی گیس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے افتتاح سے علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ، کم پریشر و دیگر مسائل کا حل ممکن ہو سکے گا،گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس اور وویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے قیام سے علاقہ کےعوام کی پریشانیوں کا ازالہ ہو گا،علاقے کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔