سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی اراکین کو ان کے استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کرلیا

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی اراکین کو ان کے استعفوں کی تصدیق کے لئے 6 سے 10 جون تک طلب کیا ہے ، ہر رکن سےانفرادی طور پر استعفے کی تصدیق کی جائے گی ۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے والے اراکین کو اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے 6 جون 2022 کو طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیئے گئے ہیں ۔ کل مستعفی اراکین کی تعداد 131 ہے۔استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ المبارک 10 جون تک جاری رہے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر 30 مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے ۔ ہر رکن کے لیے 5 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 43(2)(بی) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا ہے ۔