اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اپنی عظیم قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے موقع پر کارکنوں نے جس بہادری اور ثابت قدمی سے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر، 2007 کے دن کو ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 15 سال پہلے آج کے دن پاکستان پیپلز پارٹی کی عظیم قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے پرامن قافلے پر جس میں لاکھوں افراد اپنی قائد کی کال پر ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے شامل تھے پر دہشتگردی کا بدترین حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ اسپیکر نے کہا کہ معاشرے میں جمہوری اقدار کا فروغ اور جمہوریت کا تسلسل ہی عوام کو درپیش چیلنجز کے حل کا واحد ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کارساز کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔