اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پشاور کے علاقہ بڈھ بیر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کلاچی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
جمعرات کو اپنے پیغام میں انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں لانس نائیک محمد اعجاز خان کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے جانوں کی قربانی دینے والوں پر قوم کو فخر ہے،
دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،وہ دن دور نہیں جب سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے میں کامیاب ہونگی، شرپسند عناصر اپنی مذموم سازش کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
سپیکر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید اعجاز خان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ۔