سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا ترکیہ کے سپیکر مصطفی سینتوپ کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد

124
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا ترکیہ کے سپیکر مصطفی سینتوپ کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ترکیہ میں بسنے والے تمام بہن بھائیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ اس مبارک موقع پر اللہ تعالی ہماری عبادات کو قبول کریں اور اپنی رحمتوں کا نزول فرما کر دونوں ملکوں کو درپیش مشکلات میں کمی پیدا کریں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ہفتہ کو ترکیہ کے سپیکر مصطفی سینتوپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں اپنی اور تمام پاکستانیوں کی طرف سے آپ کو اور ترکیہ میں بسنے والے تمام بہن بھائیوں کو دلی عید مبارک پیش کرتا ہوں ، دعا ہے کہ اس مبارک موقع پر اللہ تعالی ہماری عبادات کو قبول کریں اور اپنی رحمتوں کا نزول فرما کر دونوں ملکوں کو درپیش مشکلات میں کمی پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کا پارلیمان اس مشکل وقت میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور زلزلہ سے متاثرہ اپنے بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہے ۔ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے ترک بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ان کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نہ صرف سماجی سیاسی معاشی بلکہ مذہبی طور پر بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ان کا یہ رشتہ ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

پاکستان آئین کی پچاس سالہ تقریبات منعقد کر رہا ہے جس میں آپ کی آمد باعث فخر ہو گی۔ ترکیہ کی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ میں آپ کا عید کی مبارکباد اور نیک تمنائوں پر مشکور ہوں ، پاکستان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کے ہماری مدد کی ہے جس کے لئے میں پاکستان اور اس میں بسنے والے لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ سپیکر ترک اسمبلی نے کہا کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پر بہت مبارکباد اور ترک پارلیمان کی طرف سے ایک وفد ان تقریبات کے سلسلے میں منعقد ہونے والے آئینی کنونشن میں شرکت کرے گا۔ دونوں رہنمائوں نےاس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ مل کر دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے ۔