اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو ان کی 58ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے بےمثال بہادری سے پاکستان کے دفاعی نظام کو پامال کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ پوری قوم پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
منگل کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد اور پاکستانی افواج کا ہر بہادر سپوت پاکستان کے دفاع کے لیے آخری سانس تک اپنی جان قربان کرنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا انمٹ اور نمایاں باب ہے۔